
خیبر پختونخوا کے شہر پشاور صدر کے علاقے میں واقع فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر شدت پسندوں نے حملہ کیا ہے جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے میں تین ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔پشاور کے پولیس افسر میاں سعید کے مطابق تاحال اس حملے کی مکمل تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔پشاور صدر میں ایف سی ہیڈ کواٹرر ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا ہے اور یہ وہ وقت تھا جس پر زیادہ تر بچے سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کی طرف جا رہے تھے۔ریسکیو 1122 ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ اس حملے کے بعد علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور کے اہم شاہراہ ’سنہری مسجد روڈ‘ پر واقع ہے اور اس مقام پر پیٹرول پمپ اور دکانیں ہیں جس میں زیادہ تعداد آٹو پارٹس کی ہیں۔خیبر پختونخوا میں شدت پسندی کے خلاف جنگ کے دوران پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں پر متعدد حملے ہوئے ہیں۔ اگست 2010 میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب ہی ایک خود کش حملے میں اُس وقت کے کمانڈنت صفوت غیور سمیت چار پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔
Leave a Reply