
آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم یورپی ملک پرتگال میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
پرنس کریم الحسینی ’آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک‘ کے بانی تھے۔ ان کے انتقال پر آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرنس کریم الحسینی شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 49ویں موروثی امام تھے جن کے جانشین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق پرنس کریم کے جانشین کا نام ان کی وصیت میں موجود ہوگا، جو ان کے اہلِ خانہ اور دیگر مذہبی رہنماؤں کی موجودگی میں پڑھی جائے گی۔
ابھی ان کی وصیت پڑھنے اور جانشین کے اعلان کی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔
آغا خان چہارم کے جانشین کا ممکنہ انتخاب ان کی اولاد یا مرد رشتے داروں میں سے ہو سکتا ہے۔
اسماعیلی کمیونٹی کی ویب سائٹ کے مطابق دنیا میں اسماعیلیوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے ایک کروڑ 50 لاکھ کے درمیان ہے اور ان کی بیش تر آبادی وسطی و جنوبی ایشیا، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں آباد ہے ۔
پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ان کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنس کریم کی میراث ان کے دنیا بھر میں تعلیم، صحت اور ناقابلِ یقین ترقیاتی کاموں کے ذریعے ہمیشہ موجود رہے گی۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی ایک بیان میں پرنس کریم کو امن، رواداری اور ہمدردی کی علامت قرار دیا۔
Leave a Reply